ردیف ض

دیوان ِمنصور آفاق

dewan mansoor afaq

ترمیم
mansoor afaq poetry



 

غزل



مٹی ذرا سی قریہ ء لولاک کے عوض
دو گز زمین چاہئے افلاک کے عوض

جاگیر بھی حویلی بھی چاہت بھی جسم بھی
تم مانگتے ہو دامن ء صد چاک کے عوض

اِس شہر میں تو ایک خریدار بھی نہیں
سورج کہاں فروخت کروں خاک کے عوض

وہ پیٹ برگزیدہ ہیں میری نگاہ میں
جو بیچتے ہیں عزتیں خوراک کے عوض

مثلِ غبار پھرتا ہوں آنکھوں میں جھانکتا
اپنے بدن کی اڑتی ہوئی راکھ کے عوض

دے سکتا ہوں تمام سمندر شراب کے
اک جوش سے نکلتے ہوئے کاک کے عوض

بھونچال آئے تو کوئی دو روٹیاں نہ دے
میلوں تلک پڑی ہوئی املاک کے عوض

غالب کا ہم پیالہ نہیں ہوں ، نہیں نہیں
جنت کہاں ملے خس و خاشاک کے عوض

ہر روز بھیجنا مجھے پڑتا ہے ایک خط
پچھلے برس کی آئی ہوئی ڈاک کے عوض

جاں مانگ لی ہے مجھ سے سرِاشتیاقِ لمس
بندِ قبا نے سینہ ء بیباک کے عوض

کام آ گئی ہیں بزم میں غم کی نمائشیں
وعدہ ملا ہے دیدہ ء نمناک کے عوض

آیا عجب ہے مرحلہ شوقِ شکار میں
نخچیر مانگتا ہے وہ فتراک کے عوض

نظارہ ء جمال ملا ہے تمام تر
تصویر میں تنی ہوئی پوشاک کے عوض

منصور ایک چہرہ ء معشوق رہ گیا
پہنچا کہاں نہیں ہوں میں ادراک کے عوض



دیوان منصور آفاق  

اس زمرہ میں ابھی کوئی صفحہ یا میڈیا موجود نہیں ہے۔